(ایجنسیز)
واشنگٹن…امریکی صدر بارک اوباما نے دو سالہ وفاقی بجٹ کے بل پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد جنوری میں دوبارہ شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اکتوبر میں امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے بعد دونوں جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل بجٹ کمیٹی نے بجٹ بل کا مسودہ تیار کیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز میں سینیٹ اور ایوان نمائندگان نے یہ بل منظور کر لیا جس کے بعد اب صدر
اوباما نے اس پر دست خط کردیے ہیں۔ اب کانگریس کے پاس 2014 کے مالیاتی اخراجات کا دس کھرب ڈالر کا بجٹ منظور کرنے کے لیے 15 جنوری تک کا وقت ہے۔ صدر اوباما نے دفاعی بل سمیت 6 دیگر بلوں پر بھی دست خط کیے ہیں جن کے تحت بدنام زمانہ گوانتا نامو بے جیل بند کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ فوجی اخراجات کے لیے 5 کھرب 52 ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں جبکہ بیرون ملک فوجی آپریشنز کیلئے 80 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔